پاکستان کی بھارت کی طرف سے ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات کی شدید مذمت ، مزید سات بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا

پاکستان نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جاری مہم کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی قابض افواج نے روزانہ کی بنیاد پر بلاامتیاز ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے مزید سات بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر کارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری مذمتی بیان مین کہا ہے کہ 25 ستمبر کو کپواڑہ کے قریب ایک واقعے میں دو بے گناہ کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے بے رحمی سے شہید کر دیا۔ ایک اور وحشیانہ تصادم کا واقعہ26 ستمبر کو ضلع کولگام میں پیش آیا جس میں قابض فوج نے ایک نام نہاد ‘محاصرے اور تلاشی’ آپریشن کے بعد ایک اور بے گناہ کشمیری کو بے دردی کے ساتھ شہیدکر دیا ۔ 27 ستمبر کو ضلع کولگام میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں دو اور بے گناہ کشمیریوں کو نام نہاد پولیس مقابلے میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ گزشتہ روز بھی بارہ مولہ میں دو بے گناہ کشمیریوں کو ایک تصادم کا واقعہ بنا کر نشانہ بنایا گیا اور شہید کردیاگیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہر نام نہاد ‘محاصے اور تلاشی’ آپریشن کے بعد کئے جانے والے ریاستی جبر اور پولیس مقابلے کے نتیجے میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں، قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور معصوم کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کو پامال کیا جا رہا ہے۔ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد سے اب تک 678 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ بھارتی قابض افواج نے اس سال کم از کم 158 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کرکے شہیدکر دیا ہے۔ پاکستان نے 2018 اور 2019 کی کشمیر رپورٹس میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی طرف سے سفارش کردہ کمیشن آف انکوائری کے ذریعے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان عالمی برادری پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا ذمہ دار ٹھہرائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے

پاکستان کی بھارت کی طرف سے ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات کی شدید مذمت ، مزید سات بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا